پنجاب بھر میں گداگروں کی جامع پروفائلنگ کا فیصلہ

جہلم سمیت پنجاب بھر میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت صوبہ بھر میں گداگروں کی جامع پروفائلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس مہم کے دوران پیشہ ور گداگروں کے منظم نیٹ ورکس کی مکمل چھان بین کی جائے گی، جبکہ ان گروہوں کے سرغنہ اور سرپرستوں کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔
حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ یہ بھی معلوم کیا جائے کہ گداگروں کو کب سے اور کس انداز میں منظم طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ان عناصر کے مجرمانہ ریکارڈ اور سرگرمیوں کی مکمل تفصیلات بھی مرتب کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں مقدمات درج ہونے کے باوجود گداگری پر مؤثر قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے بعد حکمت عملی کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی پی اوز اور اسپیشل برانچ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ منظم گداگر گروہوں کی مکمل پروفائلنگ کر کے تفصیلات آپریشنز برانچ کو ارسال کی جائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پروفائلنگ مکمل ہونے کے بعد پیشہ ور اور منظم گداگر گروہوں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ عوام کو اس مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔



