ڈپٹی کمشنر جہلم نے اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا تعین کر دیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کر دیا گیا۔

اجلاس میں مختلف اشیائے خور و نوش اور کریانہ کا سامان فروخت کرنے والے دکانداروں، تاجروں، تاجر یونین کے نمائندوں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی، جن کی مشاورت سے مختلف اشیاء کی سرکاری قیمتیں مقرر کی گئیں۔

اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق باسمتی چاول سپر 265 روپے فی کلو، بیسن 285 روپے، دال چنا موٹی 288 روپے، دال چنا باریک 265 روپے، دال مسور باریک 270 روپے، دال مسور موٹی 253 روپے، دال ماش دھلی ہوئی 440 روپے، چنے سفید باریک 250 روپے، روٹی 100 گرام 14 روپے، چھوٹا گوشت 1600 روپے، بڑا گوشت 800 روپے، دودھ 170 روپے فی لیٹر اور دہی کی قیمت 195 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان میں قیمتوں پر کنٹرول حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کی پابندی نہ کرنے والے دکانداروں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں کے تعین کے لیے تاجروں کی مشاورت سے ہی فیصلے کیے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود اگر کوئی خود ساختہ مہنگائی پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ مقرر کردہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی صورت ناقص یا غیر معیاری اشیاء فروخت نہ کریں۔ انہوں نے دکانداروں کو یہ بھی حکم دیا کہ ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے تاکہ شہریوں کو خریداری کے وقت کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور گراں فروشی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button