ضلع جہلم کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا، بلال اظہر کیانی

جہلم/ دینہ: وزیرِ مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت اور ترقیاتی ویژن پر روشنی ڈالی۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور موجودہ حکومت نے قلیل عرصے میں ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ انہیں غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور وہ اس بھاری ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

دینہ میں عوامی اجتماع سے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر حافظ اعجاز جنجوعہ اور ڈویژنل سطح کے دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بلال اظہر کیانی کو جہلم میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں کے تسلسل پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی قیادت میں ضلع بھر میں ترقی کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔

وزیرِ مملکت کے دورہ کے دوران دینہ میں میاں علی عنصر اور نکودر میں راجہ افراسیاب کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر گھوڑا ڈانس، روایتی موسیقی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

دورے کے دوران بلال اظہر کیانی نے دینہ میں نکودر چوک سے میرآباد تک بحال کی جانے والی سڑک کا افتتاح بھی کیا، جسے مقامی عوام نے سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button