جہلم میں سرکاری نرخنامہ نظر انداز، سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی عروج پر، صارفین شدید پریشان

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں پر سرکاری نرخنامے کو کھلے عام نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث گراں فروشی بے لگام ہو چکی ہے اور صارفین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر دکاندار سرکاری طور پر جاری کردہ نرخنامہ نہ تو نمایاں طور پر آویزاں کرتے ہیں اور نہ ہی اس پر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

متاثرہ صارفین کے مطابق دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ انتظامی نگرانی نہ ہونے کے برابر محسوس ہوتی ہے۔ مزید برآں نرخنامے میں سڑابری (تھوک منڈی) کے ریٹس شامل نہ ہونے کے باعث قیمتوں میں واضح ابہام پایا جاتا ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض دکاندار اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر لیتے ہیں۔ اس صورتحال کا براہِ راست بوجھ عام صارفین پر پڑ رہا ہے۔

روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، جن کے لیے بنیادی اشیائے خورونوش کی خریداری بھی مشکل بنتی جا رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں باقاعدہ اور مؤثر چیکنگ کا نظام نافذ کیا جائے، سرکاری نرخنامہ نمایاں طور پر آویزاں کرانا یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر گراں فروشی کے خلاف فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو مہنگائی کا یہ طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام آدمی کی زندگی پر مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button