دینہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری گرفتار، ہولڈنگ کیمپ منتقل

دینہ میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں کی گئی ہے اور غیر قانونی رہائش کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مکان، دکان یا گاڑی کرایہ پر ہرگز نہ دیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی کسی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت نہیں کر سکتے۔ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اپنی رجسٹریشن متعلقہ تھانے میں لازمی کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کسی بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کے ساتھ ظلم یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم غیر قانونی رہائش رکھنے والوں کو قیام کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
پولیس حکام کے مطابق قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔



