محرم الحرام میں قیام امن پر ضلع انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم نے محرم الحرام کے دوران مثالی امن و امان کے قیام اور یومِ عاشور کے پرامن انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مربوط منصوبہ بندی، مؤثر انتظامات اور تمام اداروں کے باہمی تعاون کے باعث ضلع بھر میں عاشورۂ محرم انتہائی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے صدر قاری شبیر احمد نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کو بہترین سکیورٹی انتظامات پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اپنی ذمہ داریاں نہایت احسن انداز میں انجام دیں، جس سے عزاداروں کو محفوظ اور پُرسکون ماحول میسر آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرامن محرم الحرام کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، جہلم پولیس، پاک فوج، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، علماء کرام، امن کمیٹیوں، تاجر برادری، مجالس و جلوس کے منتظمین، رضاکاروں اور تمام شہریوں کی مشترکہ کاوشیں قابلِ ستائش ہیں، جنہوں نے بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کیا۔

مرکزی علماء کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی امن، اتحاد، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button