جہلم کے بازاروں کی تعمیر و بحالی جاری، شہری سہولیات میں بہتری کی امید

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے شہر دوست ویژن کے تحت جہلم سمیت پنجاب بھر کے بازاروں کو خوبصورت، منظم اور شہری سہولیات سے آراستہ بنانے کا جامع منصوبہ تیزی سے جاری ہے۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں جہلم شہر کے نیابازار، مین بازار، اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ اور شاندار چوک میں نکاسی آب کے مؤثر نظام کے لیے نالے تعمیر کرنے پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی نگرانی میں نکاسی آب کے ان ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوا جبکہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کو متحرک کیا گیا، جس کے نتیجے میں سڑکوں سے بڑی حد تک تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔
تاہم شہری حلقوں نے بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی ہے۔ مین بازار میں سیوریج نالوں کی کھدائی کے دوران ٹائلیں اکھاڑی گئیں لیکن ٹھیکیدار کی جانب سے نئی ٹائلیں نہ لگائے جانے کے باعث دکانداروں نے خود الٹی سیدھی ٹائلیں لگا دیں، جس سے بازار کی راہگزر گڑھوں میں تبدیل ہو گئی ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف چھوٹے بچوں بلکہ بزرگ شہریوں کے لیے بھی باعث تکلیف ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ کھودی گئی سڑکوں اور بازاروں کی مرمت اور مناسب ٹائلنگ کے لیے ٹھیکیداروں کو پابند کیا جائے، تاکہ عوام کو سہولت میسر آ سکے۔
شہری تنظیموں اور عمائدین نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مزید برآں، شہریوں نے تحصیل روڈ پر یکساں سائز کے سائن بورڈز کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیا اور تجویز دی کہ اگر پورے بازار میں ایک ہی سائز کے بورڈز نصب کیے جائیں تو شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔



