ریسکیو 1122 جہلم کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دریائے جہلم میں دوسری پری فلڈ موک ایکسر سائز

جہلم/ پنڈدادنخان: ریسکیو1122 جہلم نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دریائے جہلم پر وکٹوریہ پل چک نظام کے مقام پر دوسری پری فلڈ موک ایکسرسائزکا انعقاد کیا۔
ان فرضی مشقوں میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان، ڈسٹرکٹ ڈسزاسٹر کوارڈینیٹر ،ریوینیو ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو1122، محکمہ صحت، محکمہ ایجوکیشن، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ سول ڈیفنس، اری گیشن ڈیپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ پولیس نے حصہ لیا۔
اس کے علاوہ سماجی ورفاعی تنظیموں حمزہ ویلفیئر سوسائٹی جہلم، ہمدم ویلفیئر سوسائٹی کسلیاں، سٹی ایمبولینس سروس نے بھی حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کیمپوں کا معائنہ کیا اور سیلاب کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے ،سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے، کشتی رانی ،میڈیکل ڈیمو کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ریسکیو 1122 پنڈدادنخان (جہلم) کی طرف سے لگائے جانے والے کیمپس میں رجسٹریشن کیمپ، میڈیکل کیمپ، انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور سیلاب میں استعمال ہونے والے سازوسامان شامل ہیں اور محکمہ ہیلتھ، ایجوکیشن، سول ڈیفنس،سوشل ویلفیئر، لایو سٹاک اور دیگر محکموں کی جانب سے ریلیف کیمپس لگائے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مکمل بریفنگ دی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد ضلعی و تحصیل انتظامیہ ، دیگر تمام سرکاری محکمہ جات اور حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دریائی علاقوں میں موجود تمام یونین کونسلز میں کمیونٹی ریسپانس سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں فرسٹ ایڈ کے حوالے سے سامان اور تربیت یافتہ ریسکیو محافظ موجود ہوتے ہیں جو کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے پہلے لوگوں کو مدد فراہم کرتے ہیں ان فرضی مشقوں کا مقصد ریسکیو 1122 اور تمام محکموں کی تیاری حالت کو جانچنا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے فلڈ سیزن 2024 کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا تھا کہ ان مشقوں کا مقصد سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے، ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے، فلڈ آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو چیک کرنے اور اداروں کے درمیان روابط کو بہتر کرنا تھا۔ تمام محکموں کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے الرٹ رہیں اور لوگوں کو بروقت ریلیف مہیا کریں۔
اس موقع پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر پنڈدادنخان شہزادہ محمد اقبال کا کہنا تھا کی ریسکیو 1122 عوام کا اپنا ادارہ ہے ہم کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔



