جہلم کے ہوٹلوں میں ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت جاری

جہلم شہر سمیت ضلع بھر اور جی ٹی روڈ پر قائم مختلف ہوٹلوں میں ناقص صفائی ستھرائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
متعدد ہوٹل مالکان حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف منافع کمانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی ہوٹلوں میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہیں جبکہ کھانے کی تیاری اور سرو کرنے کے دوران بنیادی طبی اصولوں کی بھی پابندی نہیں کی جاتی۔
ذرائع کے مطابق کئی ہوٹلوں پر کام کرنے والے افراد، جن میں مالکان اور ویٹرز شامل ہیں، گندے کپڑوں، بڑھی ہوئی داڑھیوں اور غیر معیاری صفائی کی حالت میں کام کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ ناخنوں میں میل اور دیگر غیر صحت بخش عوامل بھی معمول کا حصہ بن چکے ہیں۔
شہریوں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ متعدد ہوٹلوں کا سیوریج نظام انتہائی خراب ہے، جس کے باعث تعفن اور گندگی پھیل رہی ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
شہری حلقوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، ہوٹلوں کی سخت چیکنگ کرنے اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



