قصابوں کی من مانیاں عروج پر، سرکاری نرخنامے نظر انداز، عوام مہنگے اور مضرِ صحت گوشت خریدنے پر مجبور

جہلم: ماہِ صیام کے آخری عشرے میں قصابوں نے سرکاری نرخنامے کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا، ضلع بھر میں من مانی قیمتوں پر گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔

مضرِ صحت اور لاغر جانوروں کا گوشت مہنگے داموں بیچنے کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

شہر بھر میں گائے کا گوشت 1000 سے 1200 روپے فی کلو جبکہ بکرے کا گوشت 2000 سے 2200 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، حالانکہ سرکاری نرخنامے کے مطابق گائے کا گوشت 800 روپے اور بکرے کا گوشت 1600 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔

دکاندار کھلے عام سرکاری نرخوں کو پس پشت ڈال کر زائد قیمتیں وصول کر رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ گراں فروشی کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

مضافاتی علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے، جہاں بعض قصاب لاغر، بیمار اور نیم مردہ جانوروں کا پانی ملا گوشت مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ مضرِ صحت گوشت کے استعمال سے شہریوں، خصوصاً روزہ داروں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی سخت ایکشن نہیں لیا جا رہا۔

شہریوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قصابوں کی من مانی قیمتوں اور غیر معیاری گوشت کی فروخت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو صحت مند اور معیاری گوشت فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button