ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا سول ہسپتال جہلم کا دورہ، سٹی سکین اور ٹراما سینٹر سمیت طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور سٹی سکین، چلڈرن وارڈ اور زیر تعمیر ٹراما سینٹر سمیت مختلف شعبہ جات میں جاری طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے سٹی سکین کروانے کے لیے آئے شہریوں سے عملے کی کارکردگی، اخراجات اور دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بچوں کے وارڈ میں چائلڈ اسپیشلسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ٹراما سینٹر کے دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ افسران کو جلد از جلد اس منصوبے کو مکمل اور فعال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
ڈی سی جہلم نے کہا کہ شہریوں کو تمام دستیاب وسائل کے اندر معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔



