جہلم کی بیٹی عروج اظہر کیانی کاعالمی اعزاز،انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کی جانب سے ویمن آف دی ایئر منتخب

جہلم: پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ نیزہ باز عروج اظہر کیانی نے ایک اور شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن نے انہیں باضابطہ طور پر “ویمن آف دی ایئر 2025” کے عالمی اعزاز سے نوازا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس باوقار ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے صرف پانچ کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے، جن میں سے فیصلہ کن انتخاب عروج اظہر کیانی کے حق میں کیا گیا جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پورے پاکستان اور خصوصاً ان کے آبائی ضلع جہلم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔
انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں عروج اظہر کیانی کی شاندار کارکردگی، کھیل کے لیے ان کے عزم اور عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے جذبے کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، عروج اظہر کیانی نے نہ صرف کھیل کے میدان میں اپنی مہارت ثابت کی ہے بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی راہ متعین کی ہے۔
جہلم کے عوام، کھیلوں کے شائقین اور قومی سطح کے حلقوں نے عروج اظہر کیانی کی اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی خواتین کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں جنہوں نے اپنے حوصلے، عزم اور لگن سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔



