پنجاب حکومت کا غیرمنقولہ جائیداد کے مالکان کو ریلیف دینے کا فیصلہ

جہلم: حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر منقولہ جائیدادوں کے مالکان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح 3 فیصد سے کم کر کے صرف 1 فیصد کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے جائیداد کی خرید و فروخت اور منتقلی کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

اس حوالے سے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریونیو کا اجلاس چیئرمین محمد احمد خان لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اسٹامپ آرڈیننس کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ تجویز کے مطابق اب صوبے کے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کی یکساں شرح ایک فیصد ہوگی۔

اس سے قبل شہری علاقوں میں اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں تین فیصد مقرر تھی، جس کے باعث مختلف مسائل اور پیچیدگیاں پیدا ہو رہی تھیں۔ نئی منظوری کے بعد یہ فرق ختم ہو جائے گا اور پورے صوبے میں یکساں نظام نافذ کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ قانون میں ضروری ترامیم کرتے ہوئے "قابلِ منتقلی معاہدہ” کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ جائیداد کی منتقلی کے عمل کو مزید واضح اور مؤثر بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب اس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری 10 اپریل کو پہلے ہی دے چکے ہیں، جبکہ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد اسے باقاعدہ منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد اسٹامپ ڈیوٹی کے نظام کو شفاف، آسان اور یکساں بنانا ہے، جس سے نہ صرف پراپرٹی مارکیٹ میں تیزی آئے گی بلکہ عام شہریوں کے لیے جائیداد کی خرید و فروخت اور منتقلی کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button