جہلم میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس احترام رمضان آرڈیننس کی دھجیاں اڑانے لگے

جہلم شہر اور گردونواح میں ہوٹلز،ریسٹورنٹس احترام رمضان آرڈیننس کی دھجیاں اڑانے لگے،دن بھر کھانے پینے کے پوائنٹس کھلے رہنے سے رمضان المبارک کا تقدس پامال ہونے لگا، قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں مقررہ وقت سے قبل کھانے پینے کی اشیا کی فروخت پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی ہے مگر شہر اور گردونواح میں دن بھر سڑکوں پر قائم ہوٹلز وغیرہ میں کھانے پینے کی اشیا کی فروخت جاری ہے جبکہ جی ٹی روڈ سمیت مضافاتی علاقوں کی سڑکوں پر واقع ہوٹلز دن بھر کھلے رہتے ہیں جہاں روز خوروں کو دن بھر کھلایا پلایا جاتا ہے جس سے رمضان المبارک کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔
علماء اکرام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سرعام کھانا پینا اسلامی شعار کی بے حرمتی وخلاف ورزی ہے۔ اسلام میں اس کی ہرگز اجازت نہیں۔
علماء کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے ہوش کے ناخن لیں رمضان المبارک کا تقدس بحال رکھنے میں کرداراداکریں۔ ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کھانے کے دیگر پوائنٹس کو دن کے اوقات میں مکمل بندکروائے جائیں تاکہ ضلع بھر کا امن برقرار رہ سکے۔
جہلم شہر کی مذہبی، سماجی، رفاعی، فلاحی و شہری تنظیموں کے عمائدین نے اسلامی شعائر کی بے حرمتی پرسخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے دن کے اوقات میں کھانے پینے کے پوائنٹس بند کروانے کا مطالبہ کردیا۔



