جہلم میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نکاسی آب کا نظام ناکام، میونسپل کمیٹی کی غفلت بے نقاب

جہلم شہر میں علی الصبح ہونے والی بارش نے جہاں گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم خوشگوار کر دیا، وہیں میونسپل کمیٹی جہلم کی ناقص کارکردگی اور غفلت کا پردہ بھی چاک کر دیا۔ نکاسی آب کے ناقص انتظامات اور نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہر کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق مون سون کے آغاز سے قبل میونسپل کمیٹی کی جانب سے کسی بھی قسم کی مؤثر پیشگی تیاری نہیں کی گئی۔ نکاسی آب کے نالوں پر قائم پختہ تجاوزات نہ ہٹائی گئیں اور نہ ہی نالوں کی صفائی کروائی گئی، جس کا نتیجہ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں نظر آیا۔

بارش کے بعد سول لائن روڈ، مین بازار، نیا بازار، ریلوے پل، سبزی و فروٹ منڈی، نیا محلہ اور دیگر گلیاں و سڑکیں بارش کے پانی سے بھر گئیں۔ شہر سے باہر جانے اور دوسرے شہروں سے جہلم آنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری اور گاڑیوں میں سوار مسافر پانی کم ہونے کا انتظار کرتے رہے جبکہ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، نالوں پر قائم تجاوزات کو ہٹایا جائے اور اندرون شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے مؤثر مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو ہر بارش کے بعد ان اذیت ناک حالات سے نجات مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button