ضلع جہلم میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا گیا

جہلم: ضلع جہلم میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ ضلع بھر میں مجالس عزا منعقد کی گئیں اور ماتمی جلوس برآمد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی دامادِ رسول ﷺ، حیدرِ کرار حضرت علی مرتضیٰؑ کے یومِ شہادت پر ضلع بھر میں جلوسِ برآمد ہوئے جبکہ مساجد میں محافل کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جہلم میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گیا جبکہ پنڈدادنخان میں مرکزی ماتمی جلوس دربار عالیہ کوٹلہ شاہ کبیر سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گیا۔

سکیورٹی کے پیش نظر جہلم پولیس کے400سے زائد افسران اور اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔ جلوس کے روٹ پر واقع گلیوں اور راستوں کو بیرئیرز اور قناتیں لگا کر مکمل طور پر سیل کیا گیا جبکہ جلوس میں داخل ہونے والے افراد کی مکمل باڈی سرچنگ کے بعد انہیں داخلے کی اجازت دی گئی۔

یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے انتظامات اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے جلوس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے جلوس کے ہمراہ پیدل چل کر سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا اور لائسنس داروں کو تمام سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر جہلم پولیس کی جانب سے انہیں سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے بھی یوم شہادت حضرت علیؑ کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی ایس پی اور دیگر افسران نے ڈی پی او کو جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈی پی او جہلم نے روزے کی حالت میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اسی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ڈیوٹی جاری رکھیں۔ انہوں نے تمام سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی کہ نفری کو ہر وقت حاضر اور الرٹ رکھا جائے اور چھتوں پر تعینات اہلکاروں کو بھی متحرک رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button