جہلم پولیس اور جہلم بار کے درمیان مستحق افراد کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کیلئے معاہدہ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم ملک رضوان الحق کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد ضلع بھر میں مستحق اور نادار افراد کو مفت قانونی معاونت فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری بار ایسوسی ایشن بھی موجود تھے۔ ایم او یو کے تحت 20 رکنی وکلا کا ایک خصوصی پینل تشکیل دیا گیا ہے جو جہلم، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں ایسے افراد کے مقدمات کی بلا معاوضہ پیروی کرے گا جو مالی مشکلات کے باعث قانونی سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے اس اقدام کو پولیس اور وکلا برادری کے درمیان مثالی اشتراک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری ضلعی سطح پر ایک مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی اور محروم طبقات کے لیے امید کی کرن ہے۔

صدر جہلم بار ملک رضوان الحق نے یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن سماجی انصاف کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس اقدام کو انصاف تک عام آدمی کی رسائی کی طرف ایک عملی قدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button