چوہدری ندیم خادم کا بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کا دورہ، وکلاء کی خدمات کو سراہا

سوہاوہ: سابق رکن پنجاب اسمبلی اور نمائندہ حکومت پنجاب چوہدری ندیم خادم کی بار ایسوسی ایشن سوہاوہ آمد پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چوہدری ندیم خادم تھے، جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تقریب میں صدر بار اور دیگر معزز وکلاء نے حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کی بار کونسلز، خصوصاً تحصیل بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کو دی جانے والی گرانٹ کا خیر مقدم کیا اور اس حوالے سے چوہدری ندیم خادم کی ذاتی دلچسپی اور بھرپور کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وکلاء نے حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قانونی برادری کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا اور مالی معاونت فراہم کی۔
اس موقع پر چوہدری ندیم خادم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء معاشرے میں عدل و انصاف کے علمبردار ہیں، اور ان کا کردار نہ صرف قانون کی بالادستی بلکہ شہریوں کو ان کے آئینی حقوق دلانے میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ حکومت پنجاب وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بار کونسلز کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ایمانداری اور لگن سے نبھاتے رہنا چاہیے تاکہ عام شہریوں کا عدلیہ پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
تقریب کے اختتام پر وکلاء نے ایک بار پھر چوہدری ندیم خادم کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وہ بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔



