کاروباری شخصیت حاجی ادریز اختر، کرم الٰہی اور خرم شہزاد کی گورنر پنجاب سے ملاقات، گورنر کا جلد دورہ دینہ کا اعلان

دینہ کی معروف سیاسی و کاروباری شخصیت اور سابق نائب ناظم سٹی دینہ حاجی ادریز اختر نے اپنے والد محترم حافظ حاجی کرم الٰہی اور بھائی خرم شہزاد کے ہمراہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں خصوصی ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے گورنر ہاؤس آمد پر حاجی ادریز اختر اور ان کے اہل خانہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خوشگوار انداز میں کہا کہ میرا حاجی ادریز اختر کے خاندان کے ساتھ دیرینہ خاندانی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد محترم سردار بہادر یار اور حافظ حاجی کرم الہی کے پرانے دوستانہ تعلقات تھے اور آج حاجی ادریز اختر کو دیکھ کر انہیں اپنے والد کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔
اس موقع پر پرانی یادیں بھی تازہ کی گئیں اور باہمی محبت اور تعلق کا ذکر کیا گیا۔ حاجی ادریز اختر نے گورنر پنجاب کو دینہ آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے خوشی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد دینہ کے علاقے مفتیاں میں ان کے گھر کا دورہ کریں گے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آج میرے لیے یہ لمحہ اعزاز کا ہے کہ میں اپنے والد کے پرانے دوست کے خاندان سے ملاقات کر رہا ہوں اور ان سے جڑے خوبصورت رشتوں کو محسوس کر رہا ہوں۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور جلد دورہ دینہ کی یقین دہانی کرائی گئی۔



