دینہ میں 22 سالہ لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والا ملزم 8 سال بعد گرفتار

دینہ میں 22 سالہ لڑکی کے اندھے قتل کا معمہ حل، پولیس نے 8 سال بعد ملزم کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے پولیس ماڈل تھانہ دینہ نے کامیاب کارروائی کے دوران 8 سال پرانے اندھے قتل کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے مبینہ قاتل سمیع اللہ کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔ دینہ کے علاقے مہتہ لوسر میں 8 برس قبل 22 سالہ لڑکی کو فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا مبینہ قاتل طویل عرصے سے روپوش تھا اور مختلف علاقوں میں شناخت چھپا کر رہائش پذیر تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سمیع اللہ کو مخبر کی اطلاع پر ایک مؤثر ریڈ کے دوران راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔ ایس ایچ او ماڈل تھانہ دینہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور مربوط ٹیم ورک کے ذریعے ملزم کا سراغ لگایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مکمل طور پر سامنے لایا جا سکے۔ دوسری جانب مقتولہ کے ورثاء نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اب انہیں انصاف ملے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button