ڈسٹرکٹ آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس جہلم کا للِہ موڑ پوسٹ کا دورہ، اے ایس آئی اسد جاوید کی ترقی پر پننگ سرمنی

پنڈدادنخان: پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس ضلع جہلم کے ڈسٹرکٹ آفیسر رفاقت علی نے پی ایچ پی پوسٹ للِہ موڑ پنڈدادنخان کا خصوصی دورہ کیا۔ ان کے پہنچنے پر پوسٹ انچارج سب انسپکٹر راجہ ذیشان علی نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران ڈی او پی ایچ پی جہلم رفاقت علی نے للِہ موڑ پوسٹ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور افسران و اہلکاروں کی محنت کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ای پولیس ایپ کے استعمال کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام میں تیزی لائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے، اوور لوڈنگ کے خاتمے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی رفاقت علی نے للِہ موڑ پوسٹ کے اہلکار اسد جاوید کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پننگ سرمنی کے دوران اسد جاوید کو شیلڈ پہنائی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ڈی او جہلم نے اسد جاوید کو مزید دلجمعی، ایمانداری اور محنت سے اپنے فرائض سرانجام دینے کی تاکید کی۔
رفاقت علی نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس عوام کی خدمت، سڑکوں پر امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور اہلکار اپنی کارکردگی بہتر بنائیں تاکہ عوام کو فوری اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔
آخر میں ڈی او رفاقت علی نے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر انجام دیں کیونکہ عوامی اطمینان اور سڑکوں کی سلامتی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



