برطانوی یوٹیوبرلارڈ مائلزکو اپنے گمشدہ ائیرپوڈز جہلم سے مل گئے، پاکستان آنے کا اعلان

لندن/ جہلم: برطانیہ کے معروف یوٹیوبر لارڈ مائلز نے ایک سال قبل دبئی کے ہوٹل سے چوری ہونے والے اپنے ایئرپوڈز کا کھوج لگا لیا۔
ایپل کی ’فائنڈ مائی‘ ایپ کے ذریعے ٹریکنگ کرتے ہوئے مائلز کو معلوم ہوا کہ ان کے "ایئر پوڈز پرو” اس وقت پاکستان کے شہر جہلم میں ’سیکنڈ وائف ریسٹورنٹ‘ کے قریب موجود ہیں۔
حالیہ سرگرمی کی اطلاع نے انہیں حیرت میں ڈال دیا اور اب انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ’میں اگلے ہفتے پاکستان جا رہا ہوں، ایک پولیس افسر کے ساتھ ایئرپوڈز کی بازیابی کا مشن انجام دوں گا اور سب کچھ وڈیو میں ریکارڈ کروں گا۔‘
یوٹیوبرلارڈ مائلز اپنے ٹریول بلاگز کے لیے جانا جاتا ہے اوران کے 172,000 سبسکرائبرز ہیں ، مائلز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپ ڈیٹ شیئر کیں، جس کے بعد سے بہت زیادہ توجہ حاصل ہوئی ہے۔
مائلز نے بتایا کہ وہ مسلسل ’Lost Mode‘ آن رکھے ہوئے ہیں اور جب بھی چور ائیرپوڈز استعمال کرتا ہے، وہ ’فائنڈ مائی‘ کی آواز چلا دیتے ہیں۔
My AirPod pros have been lost for a year in Pakistan and guess who’s going to go there next week and get his property back! pic.twitter.com/yXnP7ZJdkf
— Lord Miles Official (@real_lord_miles) May 29, 2025
سوشل میڈیا پرمائلز کے اس فیصلے پرملا جلا ردعمل رہا ہے، مثلاً
’اتنی مہنگی فلائٹ کے بجائے نئے ایئرپوڈز خرید لیتے‘۔
’کیا واقعی تم انھیں دوبارہ کان میں لگاؤ گے۔‘
’ذرا سوچو، کسی اور کا میلوں پرانا کان کا میل‘
لیکن مائلز کا جواب واضح ہے! ’مجھے چور پسند نہیں، میں اپنا سامان واپس لے کر ہی رہوں گا۔‘



