کرسمس؛ ڈی پی او جہلم کا گرجا گھروں کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

3
جہلم: ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کرسمس کے موقع پر شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او نے تعینات افسران و جوانوں کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کرسمس کے موقع پر جہلم پولیس کے 400 سے زائد افسران اور اہلکاران اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سینئر پولیس افسران بھی وقتاً فوقتاً ڈیوٹی پر موجود نفری کو چیک اور بریف کر رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس، محافظ اسکواڈز اور تھانوں کے عملے کو خصوصی گشت کے لیے تعینات کیا گیا ہے، جبکہ گرجا گھروں کے اطراف چھتوں پر ماہر نشانہ بازوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ گرجا گھروں میں داخلے کے لیے مکمل باڈی سرچنگ کا عمل اپنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



