نیپا کے افسران کا ان لینڈ اسٹڈی ٹور کے دوران جہلم کا دورہ ، ضلعی نظامِ حکمرانی اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا

جہلم: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے ان لینڈ اسٹڈی ٹور کے دوران ضلع جہلم کا دورہ کیا، جس کا مقصد ضلعی سطح پر نظامِ حکمرانی، انتظامی ہم آہنگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے عملی پہلوؤں سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔

دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت تعلیم اور صحت کے شعبوں پر ایک جامع بریفنگ اجلاس منعقد ہوا، جس میں افسران کو ضلعی انتظامی ڈھانچے، کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وفد نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف کے ہمراہ گورنمنٹ پرائمری سکول فار گرلز جہلم کا دورہ کیا، جہاں سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی نے تعلیمی معیار، کلاس روم مینجمنٹ اور طلبہ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ افسران نے طلبہ سے ملاقات کی اور تدریسی ماحول کا جائزہ لیا، جبکہ یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

بعد ازاں وفد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا، جہاں ایمرجنسی، وارڈز، فارمیسی اور کیتھ لیب سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا گیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد تنویر نے ہسپتال کی کارکردگی اور طبی سہولیات پر بریفنگ دی جبکہ افسران نے مریضوں اور لواحقین سے براہ راست فیڈبیک بھی لیا۔

اختتام پر ایک تفصیلی انٹرایکٹو سیشن منعقد ہوا جس میں افسران نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور تجربات کا تبادلہ کیا۔ یہ دورہ عملی تربیت، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button