ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 13 سے 16 اپریل تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ مہم کے دوران ضلع جہلم میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ و پاپولیشن جہلم ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع کی 56 یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 1192 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1094 موبائل ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جو گھر گھر جا کر اور عوامی مقامات پر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مہم کی سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی نسلوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔



