دہشت گردی کے خلاف قومی وحدت اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ضروری ہے، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

جہلم: چیئرمین مرکزی علماء کونسل و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی وحدت کی اشد ضرورت ہے۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات اور تعصبات کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کی سلامتی کو مقدم رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ "پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ہر پاکستانی پر لازم ہے کہ وہ ملک کی بقاء اور تحفظ کو ہر چیز پر فوقیت دے۔”

انہوں نے غزہ میں سحری کے وقت اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم فلسطینی عوام اور بچوں کا قتل عام قابلِ افسوس ہے۔ فلسطینی شہداء کے لیے خراجِ عقیدت اور دعائے مغفرت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے۔

جمعہ کے اجتماع میں "شہادت حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حضرت علیؓ نے فتنۂ خوارج کے خلاف جہاد کیا، اور 1400 سال پہلے بھی خوارج کو شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان میں بھی اسلام اور وطنِ عزیز کے دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، جیسے حضرت علیؓ کے دور میں خارجیوں کو شکست دی گئی تھی۔”

انہوں نے نبی کریم ﷺ کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "میری امت کے اختلاف کے دنوں میں ایک خارجی گروہ نکلے گا، جن کی نشانیاں بیان کی گئی ہیں۔” حضرت علیؓ کے دور میں یہ خارجی گروہ پیدا ہوا اور آپؓ نے اس کا قلع قمع کیا۔

انہوں نے حضرت علیؓ کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ عشرۂ مبشرہ میں شامل، خلیفۂ راشد اور اہلِ بیت کا حصہ تھے۔ رسول اللہ ﷺ کی زیرِ کفالت پرورش پانے کی سعادت حاصل ہوئی اور آپؓ کے فضائل قرآن و حدیث میں بکثرت موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "حضرت علیؓ غزوۂ بدر میں شریک رہے اور معرکۂ خیبر میں رسول اللہﷺ کی دعاؤں اور تلوار سے فتح نصیب ہوئی۔” آخر میں صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے امتِ مسلمہ کو ملکی استحکام، فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی، اور حضرت علیؓ کی سیرت سے رہنمائی لینے کی تلقین کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button