جہلم پولیس نے جوئے کی بازی الٹ دی، 10 قمار باز رنگے ہاتھوں گرفتار

جہلم پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قمار بازی کے مقدمے میں 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، داؤ پر لگی رقم اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ اور ان کی ٹیم نے قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ مار کر 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت سجاد، عدیل، جہانگیر، شاہزیب، سجاد خالد، عبدالقیوم، عبدالواحد، ریاست علی، نعیم اور ایمان علی کے طور پر ہوئی۔
پولیس نے ملزمان سے داؤ پر لگی رقم 18 ہزار 740 روپے، 10 موبائل فونز، ایک کیری ڈبہ، ایک ہینڈی کیم کیمرہ، ایک شکاری کتا اور قمار بازی کے دیگر آلات برآمد کیے۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جنگلی جانور سور اور شکاری کتوں پر جواء کھیل کر جرم کا ارتکاب کیا۔ ملزمان کے خلاف قمار بازی کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔



