جہلم: والدین کی خدمت اصل نیکی ہے، پیر سید ریاض حسین شاہ

جہلم کے معروف قانون دان ایڈووکیٹ سید محمد اقبال بخاری مرحوم کی دعائیہ تقریب رسمِ قل ان کی رہائش گاہ پر عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی، جس میں شہر بھر سے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں معروف عالمِ دین پیر سید ریاض حسین شاہ، خطیب جامعہ مسجد نئی آبادی کھرالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آنا اور جانا ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر انسان کو اپنے رب کے حضور پیش ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والد ایک عظیم ہستی ہے جو اولاد کی تربیت، رہنمائی اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باپ ایک سایہ دار درخت کی مانند ہوتا ہے جو خود مشکلات برداشت کر کے اپنی اولاد کو سکون فراہم کرتا ہے، اور جب یہ سایہ سر سے اٹھ جاتا ہے تو زندگی کی سختیاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
پیر سید ریاض حسین شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ اولاد پر لازم ہے کہ وہ والدین کی زندگی میں بھی خدمت کرے اور وفات کے بعد بھی ان کے لیے دعا، صدقہ اور نیک اعمال جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی نیک نامی، اعلیٰ اخلاق اور عوامی خدمات ان کے لیے صدقۂ جاریہ ہیں۔
انہوں نے حاضرین کو نصیحت کی کہ دنیا فانی ہے اور اصل کامیابی آخرت کی تیاری میں ہے، لہٰذا اپنے اعمال کو بہتر بنائیں اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کو زندگی کا حصہ بنائیں۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر سینئر صحافی سید مستفیض اقبال بخاری، سید تنویر اقبال بخاری اور سید مستنیر اقبال بخاری سمیت معزز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔



