میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ الیکٹریکل کے ذمہ داران کی ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آگئی

جہلم: میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹرک سٹی کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث اندھیروں کا راج ، میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹریکل کے ذمہ داران کی ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آگئی، شہر سمیت جی ٹی روڈ پر نصب سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹرک سٹی کے ذمہ داران کی عدم توجہی کیوجہ سے سول لائن روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، کچہری روڈ، میجر اکرم شہید روڈ،کمیلا روڈاور قبرستان روڈ پر عرصہ دراز سے سٹریٹ لائٹس خراب ہیں ، ایم سی کے ملازمین سٹریٹ لائٹس کو چالو کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہیں ۔
اس کی وجہ سے اندرون شہر کی سڑکیں گلی محلے گھپ اندھیرے کی وجہ سے خوف کی منظر کشی کرتے دکھائی دیتے ہیں ، سٹریٹ لائٹس کی بند ش کیوجہ سے سٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔
شہری تنظیموں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہر سال میونسپل کمیٹی سٹریٹ لائٹس کے نام پر لاکھوں روپے کے فنڈز بجٹ میں مختص کرتی ہے لیکن بدقسمتی سے متعلقہ شعبہ کے ذمہ داران سٹریٹ لائٹس کو چالو رکھنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہیں جس کیوجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹرک سٹی کے ذمہ داران کو اندرون شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں میں نصب سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہری حکومتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور چوری چکاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔



