ستھرا پنجاب پروگرام؛ کوڑا بلز میں دکانداروں کے پتے پر "چور مارکیٹ” کا لیبل درج، تاجروں میں شدید غم و غصہ

12
جہلم: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری کام کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جس میں کوڑا بلز میں موبائل مارکیٹ کے دکانداروں کے پتے کے ساتھ "چور مارکیٹ” کا لیبل درج کر دیا گیا۔ اس اقدام پر بازار کے تاجروں نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ بلز میں ان کے کاروباری پتے کو غلط طور پر "چور مارکیٹ” ظاہر کرنا انتہائی توہین آمیز ہے اور اس سے نہ صرف ان کی کاروباری ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ صارفین کے ذہنوں میں بھی منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے تاجروں اور کاروباری برادری کے اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے اور یہ کاروباری ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
دکانداروں نے ستھرا پنجاب پروگرام کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ کوڑا بلز میں درج یہ الفاظ فوری طور پر ہٹائے جائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے بھی اپیل کی ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور اس غیر ذمہ دارانہ اقدام کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تاجروں کا موقف ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف کاروباری کمیونٹی کے اعتماد کو کمزور کرتے ہیں بلکہ شہریوں میں بھی غلط فہمی پیدا کر سکتے ہیں، لہذا حکام کی فوری توجہ اس مسئلے کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔



