جہلم پولیس کا سرچ آپریشن، 393 افراد اور 175 گھروں کی چیکنگ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔
پولیس کے مطابق ضلع کے 12 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کے دوران 393 افراد، 175 گھروں اور 12 بس اسٹینڈز و ہوٹلز کو چیک کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دیں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روک سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے سکتے ہیں۔



