جہلم میں خشک میوہ جات کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ، قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر

جہلم: سردی کی شدت میں دن بدن اضافے کے ساتھ ہی جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں خشک میوہ جات کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ دکانوں اور ریڑھیوں پر گاہکوں کا رش بڑھ گیا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما اور دھند کی شدت بڑھنے کے باعث شہری بڑی تعداد میں خشک میوہ جات کا رخ کر رہے ہیں۔ جہلم شہر اور گردونواح میں ڈرائی فروٹس کی دکانوں پر مونگ پھلی، اخروٹ، ریوڑی، کھجور، انجیر، کشمش، بادام اور کاجو کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم قیمتوں میں اچانک اور خود ساختہ اضافے نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کے بعد اب خشک میوہ جات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ خاص طور پر ڈرائی فروٹس کے بادشاہ چلغوزہ، مونگ پھلی، اخروٹ اور املوک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث غریب طبقہ تو پہلے ہی ان اشیاء سے محروم تھا، اب متوسط اور صاحبِ حیثیت افراد بھی صرف بھاؤ تاؤ کرتے نظر آتے ہیں۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات سردیوں میں بچوں اور بزرگوں کے لیے نہایت مفید سمجھے جاتے ہیں، مگر موجودہ قیمتوں کے باعث یہ اشیاء عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک میوہ جات کے سرکاری نرخ مقرر کیے جائیں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقہ بھی سردیوں کے موسم میں اپنے بچوں کو خشک میوہ جات فراہم کر کے انہیں سردی کی شدت سے محفوظ رکھ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button