جہلم میں ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے حادثے میں زخمی شخص کی جان بچا لی گئی

جہلم میں ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے حادثے میں زخمی شخص کی جان بچا لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں جمعہ کے روز ماڈرن بازار کے سامنے جی ٹی روڈ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار کے پاؤں میں گئیر لیور دھنس گیا، جس سے وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہو گیا۔
حادثہ پیش آتے ہی موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہلم کی ایمبولینس اور ریسکیو ٹیم نے صرف پانچ منٹ کے مختصر رسپانس ٹائم کے ساتھ موقع پر پہنچ کر فوری کارروائی شروع کر دی۔
ریسکیو ٹیم نے مہارت اور احتیاط سے موٹر سائیکل کا گئیر لیور زخمی شخص کے پاؤں سے نکالا اور موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی شخص کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ایک قیمتی جان بچا لی گئی، جس پر شہریوں نے ریسکیو عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔



