کریش مافیا دریائے جہلم سے قیمتی معدنیات نکال کرمنگلا ڈیم کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے لگے

منگلا/ جہلم: دریائے منگلا ریڈ زون کی حدود سے قیمتی معدنیات نکال کرمنگلا ڈیم کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری، متعلقہ محکموں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق منگلا ڈیم سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر دریائے جہلم سے محکمہ معدنیات، محکمہ ماحولیات او ر ضلعی انتظامیہ کی مبینہ سرپرستی میں پچھلے کئی سالوں سے قیمتی معدنیات پتھر اور ریت نکالنے کا سلسلہ جاری وساری ہے۔
دریا کے درمیان نصب کئے گئے کریش پلانٹس سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں ڈمپرز ریت بجری اور چینچل پتھر لوڈ کر کے مختلف اضلاع میں بھجوائے جاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کی طرف سے بارہامرتبہ نشاندہی کرنے کے باوجود بااثر مافیا نے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کے ساتھ ساز باز کر کے منگلا ڈیم کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور سیکرٹری معدنیات نے اس اہم مسئلے پر توجہ مبذول نہ کی تو منگلا ڈیم کو کسی بھی وقت بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ لاحق ہے جس سے جہلم شہر اور گردو نواح کے علاقوں میں بسنے والوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
شہریوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے اور منگلا ڈیم کے قرب و جوار میں موجود کریش پلانٹس فوری بند کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔



