معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، جہلم میں ضلعی انتظامیہ کا شاندار تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ

جہلم: معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ جہلم نے اس موقع کو شایانِ شان انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریبات کے دوران افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابیوں اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں ڈی سی آفس جہلم میں ایک اہم کوارڈینیشن اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کی ترتیب، انتظامات اور مختلف تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد تقریبات کے تمام انتظامی امور کو حتمی شکل دینا اور اس دن کو قومی جذبے کے ساتھ منانے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔

اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کی۔ اس موقع پر ضلع بھر کے مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، سیاسی و سماجی نمائندگان، معززین علاقہ اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معرکہ حق کی کامیابی کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا جبکہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں، خدمات اور دفاعِ وطن کے لیے ان کے کردار کو عوام کے سامنے نمایاں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہداء کی عظیم قربانیوں، جرات اور بہادری کو بھی بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس موقع کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے جذبے کے طور پر منایا جائے گا تاکہ نئی نسل میں وطن سے محبت، قومی شعور اور افواجِ پاکستان سے وابستگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button