ماحول دوست شاپنگ بیگز کا استعمال یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ تمام شہری، بالخصوص کاروباری حضرات، بائیو ڈیگریڈیبل (ماحول دوست) شاپنگ بیگز کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ناقص، مضر صحت و ماحول شاپنگ بیگز کا فوری استعمال ترک کر دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے رہنماؤں کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں کے دورے کے دوران دکانداروں اور تاجروں میں ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کرتے ہوئے کیا۔
ڈی سی جہلم نے کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول ہر شہری کا حق ہے، اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دوست بیگز کے استعمال سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور بہتر مستقبل بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
اس موقع پر انجمن تاجران کے رہنماؤں نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ شہر کے تمام بازاروں میں بائیو ڈیگریڈیبل بیگز کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے روایتی پلاسٹک بیگز کا استعمال بند کریں اور ماحول دوست متبادل کو ترجیح دیں۔



