پنجاب تحفظ صارفین ایکٹ عوامی فلاح اور معیار زندگی بلند کرنے کے لیے بہت اہم ہے، صباء سحر

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے شہریوں کو تحفظ صارفین ایکٹ بارے آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد ڈسٹرکٹ بار جہلم میں کیا گیا۔
سیمینار کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر تھیں۔ سیمینار میں وکلا، تاجروں، سماجی شخصیات، صحافیوں اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے کہا کہ صارفین کا تحفظ ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد ہے، پنجاب تحفظ صارفین ایکٹ عوامی فلاح اور معیار زندگی بلند کرنے کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ کے تحت غیر معیاری، زائد المیعاد،جعلی مصنوعات کی فراہمی، غلط اور گمراہ کن اشتہار بازی، کسی ادارے کی جانب سے نامناسب خدمات، رسید کی عدم فراہمی اور دیگر مسائل پر صارفین متعلقہ اداروں کے خلاف ریلیف حاصل کرنے کے لیے کنزیومر کورٹ میں کلیم دائر کر سکتے ہیں۔
سیمینار کے دیگر مقررین نے پنجاب تحفظ صارفین ایکٹ کو بہتر طریقے سے نافذ کرنے اور شہریوں میں اس حوالے سے آگاہی کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔



