ضلع جہلم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گرمیوں سے قبل ہی طول پکڑگیا

جہلم: ضلع جہلم اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مچھروں کی خطرناک حد تک بڑھتی تعداد نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے جاری اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی پریشانیوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دو گھنٹے بعد بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی بند کر دی جاتی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں۔
مقامی آبادی کے مطابق گلی محلوں میں جمع گندا پانی اور سیوریج کے مسائل مچھروں کی افزائش کا بڑا سبب بن رہے ہیں، جبکہ موسم کی تبدیلی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث پنکھے اور دیگر سہولیات بند ہونے سے بزرگ، بیمار افراد اور بچوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ کے باعث نیند پوری نہیں ہو پاتی، جبکہ مچھروں کی بہتات کے باعث ڈینگی اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب تاجروں نے شکایت کی ہے کہ مسلسل بجلی بندش سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور پہلے سے موجود معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اعلیٰ حکام اور سپرنٹنڈنگ انجینئر آئیسکو سرکل جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے جبکہ ضلعی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیوریج کے مسائل حل کر کے مچھروں کی افزائش پر قابو پایا جائے۔



