حکومت کا جیلوں میں قیدیوں کو گرمی سے بچانے کا فیصلہ

جہلم: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو شدید گرمی، ہیٹ ویو اور لو کے اثرات سے بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور حبس کی پیشگوئی کے بعد آئی جی جیل خانہ جات کی ہدایت پر تمام جیلوں کو خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق جیلوں میں "ہیٹ اسٹروک رومز” قائم کیے جائیں گے جہاں آئس باکسز اور وافر مقدار میں برف موجود ہوگی۔ قیدیوں کو ٹھنڈے اور صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور انہیں سایہ دار جگہوں پر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

جیل کچنز کو ہوادار بنانے، ایگزاسٹ فینز کی تنصیب اور ان کے فعال رکھنے کے انتظامات بھی مراسلے کا حصہ ہیں۔ ہیٹ ویو کے دوران قیدیوں کی روزمرہ مشقت کے اوقات تبدیل کر کے صبح 7 بجے سے 10 بجے اور شام 4 بجے سے 6 بجے تک محدود کیے گئے ہیں جبکہ دن کے سب سے زیادہ گرم وقت میں انہیں آرام دیا جائے گا۔

ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ قیدیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے جیل اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات، ضروری طبی آلات اور عملہ ہائی الرٹ پر ہوگا۔ قیدیوں کو دوران مشقت چھتری اور ٹوپی فراہم کی جائے گی، جبکہ نگرانی پر مامور اہلکاروں کو بھی گرمی سے بچاؤ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

واچ ٹاورز اور مین وال پر تعینات عملے کے لیے برقی پنکھے، واٹر کولر، برف اور گلاسز کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے گا، جبکہ کچن عملے اور وارڈنز کو باقاعدگی سے کچی لسی، نمک اور ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس کی نگرانی میں ضلعی سطح پر بھی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ جیلوں میں انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام بروئے کار لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button