ڈی پی او جہلم کا ٹریفک آفس دینہ کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے ٹریفک آفس دینہ کی زیر تعمیر نئی عمارت کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے عمارت کی تعمیر کے معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران کو شہریوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ نئی عمارت کی تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک سے متعلق امور میں مزید آسانیاں اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس دفاتر میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنا اور انہیں بہترین سروس فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک سمیت تمام پولیس فارمیشنز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام الناس کا پولیس سے متعلق فیڈبیک براہ راست جانچا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی پولیس کا فرض ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر میں آنے والے ہر فرد کو عزت دی جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔



