اولڈ جی ٹی روڈ پر یو ٹرنز کے باعث حادثات میں اضافہ


جہلم: اولڈ جی ٹی روڈ جادہ تا شاندار چوک پر روزانہ حادثات معمول بن گئے، گزشتہ ایک سال کے دوران شاندار چوک سے ٹریفک دفتر تک کے تقریباً 2 کلومیٹر کے علاقے میں سب سے زیادہ حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔
سڑک پر جگہ جگہ قائم یو ٹرنز حادثات کی بڑی وجہ بن چکے ہیں، جس کی ذمہ داری محکمہ پروانشل ہائی وے کے حکام اور ٹھیکیدار پر عائد کی جا رہی ہے۔
ماضی میں جادہ تا شاندار چوک صرف دو مقامات پر یو ٹرن تھے، جس کی وجہ سے حادثات نہ ہونے کے برابر تھے، لیکن سڑک کی نئی تعمیر کے دوران محکمہ ہائی وے کے سب انجینئر، سب ڈویژنل آفیسر اور ایکسین کی سرپرستی میں ٹھیکیدار نے غیر ضروری یو ٹرنز بنا دیے، جس کی وجہ سے روزانہ حادثات ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ان غیر ضروری یو ٹرنز نے ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کیا ہے، اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
شہریوں نے ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کی تحقیقات کروائی جائے اور غیر ضروری یو ٹرنز ختم کر کے صرف مشین محلہ، اولڈ جی ٹی روڈ اور مجاہد آباد چوک کے مقامات پر یو ٹرن قائم کیے جائیں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید حادثات رونما ہو سکتے ہیں، لہذا حکام کو فوری اصلاحاتی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔



