سمندر پار پاکستانیوں کا اپنی دھرتی سے محبت اور عوامی خدمت کا جذبہ قابلِ تقلید ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم اوورسیز فاؤنڈیشن کے قیام کو پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر جہلم جم خانہ میں ایک پروقار اور خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کی۔ تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ضلع جہلم میں فلاحی اور طبی شعبوں میں انجام دی جانے والی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین جہلم اوورسیز فاؤنڈیشن چوہدری پرویز اختر نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے شعبہ صحت کی بہتری کے لیے لاکھوں پاؤنڈ کی خطیر رقم خرچ کر کے 50 بیڈز پر مشتمل جدید گائنی وارڈ مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مزید 200 بیڈز پر مشتمل ایک نیا بلاک بھی تیزی سے تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا اپنی دھرتی سے محبت اور عوامی خدمت کا جذبہ قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے عام شہریوں کو علاج معالجے کی جدید اور معیاری سہولیات میسر آئیں گی، جو ضلعی سطح پر صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔
تقریب میں اوورسیز فاؤنڈیشن کے اہم اراکین چوہدری مختار، چوہدری ضیاء الملک ایڈووکیٹ، چوہدری فرحت کمال ضیاء، اصغر مرزا اور محمد اویس نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے مختلف افسران بھی تقریب میں شریک ہوئے، جن میں سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی، سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان، ڈی ڈی سوشل ویلفیئر خضر حیات اور سی او ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا شامل تھے۔
تقریب کے دوران فاؤنڈیشن کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے ممبران اور تعاون کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
چیئرمین چوہدری پرویز اختر نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جہلم اوورسیز فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی ضلع جہلم کی تعمیر و ترقی، صحت، تعلیم اور فلاحی منصوبوں میں اپنا فعال اور ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔



