پاکستان ہمارا دل اور کشمیر ہماری دھڑکن ہے، ماجد حسین چوہدری

دینہ: ماجد حسین چوہدری نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک برٹش پاکستانی کشمیری ہیں، پاکستان ہمارا دل ہے اور پاکستانیوں کی محبت اور پیار ایک مثال ہے۔
ان خیات کا اظہار میئر آف ہائی ویکم (برطانیہ) ماجد حسین چوہدری نے دینہ میں ایک پروقار تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب منصور احمد کیانی اور فاروق کھوکھر کی جانب سے دی گئی تھی، جس میں شہریوں اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
میئر ماجد حسین چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہمارا دل اور کشمیر ہماری دھڑکن ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا ماں باپ کی دعاؤں اور دوستوں کی محبت کو دیا اور بتایا کہ انگلینڈ نے برٹش پاکستانیوں اور کشمیریوں کو عزت دی ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کونسلرز سے لے کر میئر تک اور اب وزیر داخلہ بھی کشمیر سے تعلق رکھتی ہیں، جو ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
تقریب میں ایم این اے چوہدری فرخ الطاف، سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، راجہ جنید کیانی، حافظ وسیم انور، جمیل نظامی، راجہ ساجد نواز سمیت کثیر تعداد میں افراد شریک ہوئے۔ ماجد حسین چوہدری نے میزبانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دینہ میں شاندار استقبال اور محبت نے انہیں بہت متاثر کیا ہے۔
تقریب کے آغاز میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مہمان کا پرتکلف استقبال کیا گیا، جس سے مقامی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔



