سوہاوہ میں 15 سالہ لڑکے سے بد فعلی کی ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار

سوہاوہ میں 15 سالہ لڑکے کو بدفعلی کا نشانہ بنا کر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ سوہاوہ پولیس نے 15 سالہ لڑکے سے بدفعلی کی ویڈیو وائرل ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم حماد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق تین سال قبل ملزم حماد نے مبینہ طور پر 15 سالہ لڑکے کے ساتھ زبردستی بدفعلی کی اور اس واقعے کی ویڈیو بنا لی تھی۔ ملزم حماد نے لڑکے کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو وہ ویڈیو وائرل کر دے گا۔
مدعی کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا خوفزدہ تھا اور اس واقعے کے بارے میں کسی کو کچھ بتانے سے ڈرتا رہا۔ چند روز قبل ملزم حارث نے مذکورہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔
سوہاوہ پولیس نے مقدمہ نمبر79/2025 بجرم دفعات 376(iii)، 292C، 501اور 198 کے تحت درج کیا اور فوری طور پر ملزم حماد کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم حارث کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ جلد ہی تمام حقائق سامنے لا کر مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔



