سوہاوہ میں ڈکیتی کی ظالمانہ واردات، مزاحمت پر ڈاکو کار ڈرائیور کو کار سے باندھ کر سڑک پر گھسٹتے رہے، 2 ڈاکو گرفتار

سوہاوہ: ڈکیتی کی ظالمانہ واردات، تاجر کی مزاحمت پر ڈاکو تاجر کو سڑک پر گھسٹتے رہے، ڈاکو تاجر کو سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے، زخمی کار ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا.
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ گوجرخان جی ٹی روڈ پر ڈکیتی کی ظالمانہ واردات پیش آئی، دن دیہاڑے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان سے مرغیوں کا کاروبار کرنے والے تاجر 50 سالہ ہارون رشید سکنہ رتیال گوجرخان کو کار میں اغواء کر لیا اور 10 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی.
مزاحمت پر ڈاکوؤں نے تاجر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کو گاڑی کے پیچھے باندھ کر سڑک پر گھسیٹتے رہے، شہریوں کے شور کرنے پر ڈاکو کار ڈرائیو کو چلتی گاڑی سے پنڈ متے خان جی ٹی روڈ سوہاوہ پر پھینک کر فرار ہو گئے۔
پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال نے فوری ناکہ بندی کر کے دو ڈاکوؤں کو گاڑی سمیت پکڑ لیا جبکہ ایک ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے قریبی پہاڑی علاقے میں روپوش ہو گیا۔
پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال، تھانہ سوہاوہ اور تھانہ گوجرخان کی بھاری نفری نے قریبی پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا لیکن ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا.
ریسکیو 1122 نے زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب ترجمان جہلم پولیس نے بتایا کہ شہری کو زبردستی گوجر خان سے گاڑی میں ڈالا گیا اور سوہاوہ کے علاقہ میں ملزمان نے روڈ پر پھینک دیا ، جسے ریسکیو کا عملہ برائے علاج معالجہ ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ لے آیا. واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سوہاوہ معہ پولیس ٹیم ہسپتال پہنچے اور آئندہ بغرض قانونی کارروائی پولیس تھانہ گوجر خان ضلع راولپنڈی کو مطلع کیا.
ترجمان نے بتایا کہ تھانہ گوجر خان پولیس ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ پہنچ چکی ہے اور حسب ضابطہ قانونی کاروائی عمل میں لا رہی ہے ، واقعہ کا مقدمہ تھانہ گوجر خان ،ضلع راولپنڈی میں درج کیا جا رہا ہے.



