جہلم میں ایل پی جی گیس کی بلیک میں فروخت، قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، شہری پریشان

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ایل پی جی گیس کی بلیک میں فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

عیدالفطر کے بعد ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں نے خود ساختہ اضافہ کر کے قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ سرکاری نرخ کے مطابق 11 اعشاریہ 8 کلو گرام سلنڈر کی قیمت تقریباً 2664 روپے بنتی ہے، تاہم مارکیٹ میں یہی سلنڈر 4 ہزار روپے سے زائد میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی ایل پی جی کے باعث گھریلو نظام متاثر ہو گیا ہے اور گیس کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دکاندار ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

متاثرہ افراد کے مطابق سول ڈیفنس کی کارروائیاں محض فوٹو سیشن تک محدود ہیں جبکہ بڑے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے چھوٹے دکانداروں کو معمولی جرمانے کر کے رسمی کارروائی پوری کر لی جاتی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی بلیک میں فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے، ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں اور دکانیں سیل کی جائیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button