ہوٹلز، بیکریز اور فوڈ پوائنٹس پر ناقص گھی و آئل کا استعمال، شہری بیماریوں کا شکار

جہلم شہر اور ضلع بھر میں ہوٹلز، بیکریز، بار بی کیو سینٹرز، فوڈ پوائنٹس اور چھوٹے بڑے کھانے پینے کے مراکز پر ناقص اور مضر صحت گھی و آئل کا بے دریغ استعمال جاری ہے، جس سے شہری بڑی تعداد میں معدے، جگر، جلد اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سبزیاں، دالیں، چپس، برگر، شوارما، بار بی کیو اور دیگر کھانے والے آئٹمز ناقص اور استعمال شدہ تیل میں تیار کیے جا رہے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔ اولڈ جی ٹی روڈ، شاندار چوک، تحصیل روڈ اور مضافاتی علاقوں میں درجنوں فوڈ پوائنٹس بغیر کسی چیک اینڈ بیلنس کے شہریوں کو مضر صحت کھانے فراہم کر رہے ہیں۔
شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی مسلسل خاموشی اور عدم دلچسپی لمحہ فکریہ بن چکی ہے۔ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چند مخصوص پوائنٹس پر رسمی کارروائیوں کے علاوہ کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا جا رہا، جس سے باقی ہوٹل مالکان کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ضلع بھر میں بھرپور کارروائی کر کے ناقص آئل اور گھی استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مضر صحت کھانوں سے نجات دلائی جا سکے اور ان کی صحت و زندگی محفوظ بنائی جا سکے۔



