سوہاوہ کے قدیمی تالاب ’نانک سر‘ میں نہاتے ہوئے میاں چنوں کا نوجوان ڈوب کر جاں بحق

پڑی درویزہ: سوہاوہ کے علاقے پڑی درویزہ کے مشرق میں واقع قدیمی تالاب المعروف ’نانک سر‘ میں نہاتے ہوئے 25 سالہ نوجوان منظر عباس ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
25 سالہ نوجوان منظر عباس ولد محمد ریاض مقامی سماجی شخصیت راجہ محمد شعیب کے ڈیرے پر مویشیوں کی دیکھ بھال پر مامور تھا اور وقوعے کے وقت معمول کے مطابق تالاب میں نہانے کے لیے گیا جہاں گہرے کیچڑ میں پاؤں پھنس جانے کے باعث ڈوب گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی تحصیل سوہاوہ اکرام اللہ خان اور ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ شعیب اصغر کیانی موقع پر پہنچے جبکہ مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔ گہرے پانی سے نکالنے کے بعد متوفی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 سوہاوہ کے اہلکاروں نے نوجوان کی لاش تالاب سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کی جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

گزشتہ رات رات آٹھ بجے جامع مسجد انوار مدینہ پڑی درویزہ میں متوفی کی نماز جنازہ خطیب مسجد محمود الحسن نے پڑھائی، جس کے بعد میت کو آبائی علاقے میاں چنوں ملتان روانہ کیا گیا، جہاں علی الصبح سپرد خاک کر دیا گیا۔
متوفی کے پسماندگان میں بیوہ، ایک بچہ اور والدین شامل ہیں۔ مقامی افراد اور سماجی حلقوں نے نوجوان کی اچانک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ سے ’نانک سر‘ تالاب میں حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔



