جہلم میں افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل تیز، 246 افغانی ہولڈنگ کیمپ منتقل، ڈپٹی کمشنر کا کیمپ کا دورہ

جہلم: ضلع جہلم میں افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اپنی کارروائیاں مزید مؤثر کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے جی ٹی روڈ پر واقع گورنمنٹ ڈگری کالج میں قائم افغان مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کیمپ میں موجود افغان باشندوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام انتظامات کی سختی سے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ان کی منتقلی کا عمل منظم انداز میں مکمل ہو سکے۔
اس موقع پر انہوں نے نادرا وین میں جاری افغان مہاجرین کے کوائف اندراج کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شناخت اور تصدیق کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کی محفوظ اور باعزت واپسی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ نے تحصیل جہلم اور پنڈدادنخان میں ہولڈنگ کیمپ قائم کیے ہیں، جہاں افغان مہاجرین کو عارضی طور پر ٹھہرایا جا رہا ہے۔ ان کیمپوں میں خوراک، آرام اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مہاجرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اس وقت ہولڈنگ کیمپوں میں 246 افغان باشندے موجود ہیں، اور ان کی واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا، تاکہ حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔



