ضلع جہلم میں پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 ملزمان گرفتار

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران دن بھر میں 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں 2 منشیات فروش، 4 شراب سپلائرز، 3 ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد اور 4 پیشہ ور بھکاری شامل ہیں۔
یہ کارروائیاں ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ رکھنا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس حوالے سے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قانون شکنوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور کسی قسم کی مجرمانہ سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



